
تہران : ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ایرانی قوم خطے میں عدم تحفظ اور بحران کو برداشت نہیں کر سکتی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امریکا اور اتحادیوں کی کسی بھی غلطی کا اسلامی جمہوریہ کی طرف سے سخت جواب دیا جائے گا جس سے وہ اپنے اقدامات پر پچھتائیں گے۔ مغربی ایرانی صوبے کرمانشاہ کے دورے کے موقع پر اپنے خطاب میں ایرانی صدر نے کہا کہ آج اسلامی ایران پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، اس کے برعکس امریکا پہلے سے زیادہ کمزور ہے۔ایران کی عظیم قوم خطے میں کسی بھی قسم کے عدم تحفظ اور بحران کو قبول نہیں کرتی اور خطے کی مسلمان قومیں امریکا کے ساتھ اپنی حکومتوں کے ذلت آمیز تعلقات سے نفرت کرتی ہیں جو ان کے ملک کی دولت اور وسائل کی لوٹ مار کا باعث بنی ہے۔ صدر رئیسی نے ایران کی فوجی طاقت اور اقتدار کو خطے میں سلامتی کا عنصر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ خطے میں کسی بھی عدم تحفظ یا بحران کو قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کو مشرق وسطیٰ اور مغربی ایشیا پر لالچ کی نگاہ نہیں رکھنی چاہیے اور اس کے خطے میں کبھی بھی معمول کے تعلقات قائم نہیں ہو سکتے۔ رئیسی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ خطے میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کی مداخلت کو بحران پیدا کرنے کے علاوہ کچھ نہیں سمجھتا،کیونکہ یہ ممالک خطے میں مسلسل عدم تحفظ اور دہشت گردی پھیلا رہے ہیں۔


































