
تہران : ایرانی ماہرین کا تیار کردہ خیام سیٹلائٹ کامیابی کے ساتھ زمین کے مدار میں پہنچ گیا اور ایران کی ایرو اسپیس ایجنسی کے زمینی اسٹیشن کو سگنل موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ خیام سیٹلائٹ قازقستان میں قائم بیکانور خلائی مرکز کے ذریعے خلا میں روانہ کیا گیا تھا۔ ایرانی وزیر مواصلات عیسیٰ زری پور نے بتایا کہ بدھ کو ایرانی خلائی ایجنسی (ISA) کے مہدشت خلائی اڈے پر خیام سیٹلائٹ سے چار بار سگنل موصول ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس کے تعاون سے ایسے سیٹلائٹس کی پروڈکشن لائن فعال رہے گی، یہ ایرانی تکنیکی ماہرین کے لیےبڑے اعزاز کی بات ہے کہ وہ روسی تکنیکی ماہرین کے ساتھ مل کر کام کریں جو اس شعبے میں 6 دہائیوں سے زیادہ کا تجربہ رکھتے ہیں۔ سیٹلائٹ خیام ایک سینسنگ سیٹلائٹ ہے جس میں بڑی درستگی کے ساتھ ایمیجنگ کی صلاحیت موجودہ ہے۔ یہ سیٹلائٹ مختلف امیج اسپیکٹرم میں زمین کی سطح سے ایمیجنگ کی صلاحیت رکھتا ہے۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے منگل کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں خیام سیٹلائٹ کے خلا میں بھیجنے کو، پرامن مقاصد کے لیے ایرانی سائنسدانوں کی نئی ایرو اسپیس کامیابی اور ایران کے سائنسی اعزازات کی تاریخ میں ایک اور سنہری باب قرار دیا ہے۔ دشمن کی جانب سے عائد پابندیوں اور زیادہ سے زیادہ دباؤ کے باوجود ایران کی سائنسی اور تکنیکی ترقی کا شاندار سلسلہ جاری ہے۔


































