
برسلز : یورپی کمیشن نے کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے الحاق کی جانب کوئی بھی ٹھوس قدم بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کا باعث بنے گا۔
یورپی کمیشن کے ترجمان انوار الانوونی نے برسلز میں نیوز کانفرنس کے دوران اس بات کا اعادہ کیا کہ یورپی یونین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق 1967 سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی خودمختاری کو تسلیم نہیں کرتی۔ اُنہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت مقبوضہ فلسطینی علاقوں کا الحاق غیر قانونی ہے۔ اس سمت میں اٹھائے گئے کسی بھی ٹھوس اقدامات کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی تصورکیا جائے گا۔ انہوں نےمزید کہا کہ ہم دو ریاستی حل پر مبنی دیرپا اور پائیدار امن کےلیے مضبوطی سے پرعزم ہیں اوراس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ اس کا کوئی متبادل نہیں ہے۔
انہوں نے غزہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ پٹی کے شہری طویل عرصے سے مصائب برداشت کر رہے ہیں ان کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ الانونی نے مزید کہا کہ نئی کراسنگ اور راستے کھولے گئے ہیں اور ایندھن کی سپلائی میں بہتری آئی ہے۔ لیکن صورتحال بدستور تشویشناک ہے اور واضح طور پر بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔


































