
گلگت : مرکزی انجمن امامیہ گلگت بلتستان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے میں معصوم سیاحوں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ دنیا کا کوئی بھی مذہب انسانیت کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ سیاحوں کا قتل عام قابل مذمت ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ مودی سرکار پر جنگی جنون کا بھوت سوار ہے اور اس سے قبل بھی بھارت نے 2019ء میں پلوامہ میں پیش آنے والے واقعہ کی تحقیقات کیے بغیر ہی پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا اور اب بھی بھارت نے پہلگام واقعہ کے وقوع پذیر ہونے کے فوراً بعد ہی پاکستان کو بغیر کسی ثبوت کے اس حملے کا ذمہ دار قرار دے دیا جو کہ مودی سرکار کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔ بیان کے مطابق بھارت پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا کر اپنے جرائم کو چھپانا چاہتا ہے لیکن بھارت کے اس جھوٹے پروپیگنڈے کو اب دنیا جان چکی ہے، بھارت چونکہ اب عالمی دہشت گرد کے طور پر سامنے آیا ہے۔ بھارت نے پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی دہشت گردی کی کارروائیاں کی ہیں اور دنیا بھارت کے مکروہ عزائم سے بخوبی آگاہ ہے۔


































