
واشنگٹن : امریکی انتظامیہ نے ایران کے سامنے ہتھیار ڈالتے ہوئے اس کے چھ ارب ڈالر کے منجمد اثاثے جنوبی کوریا سے قطر منتقل کرنے کیلئے پس پردہ چھوٹ دے دی۔ امریکی نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے گزشتہ ہفتے پابندیوں میں چھوٹ پر دستخط کیے۔ یہ اقدام امریکی اور ایرانی حکام کے درمیان معاہدے پر اتفاق کے ایک ماہ بعد اٹھایا گیا۔ چھوٹ کے تحت یورپی، مشرق وسطیٰ اور ایشیائی بینک ایران کی رقم کو منتقل کرنے پر پابندیوں کی زد میں نہیں آئیں گے۔ رپورٹ کے مطابق ایران کے 6 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے جنوبی کوریا سے قطر منتقل کئے جائیں گے۔ اس رقم کو ایران عسکری کے سوا دیگر مقاصد کیلئے استعمال کرسکے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ نے امریکا میں قید پانچ ایرانی شہریوں کو رہا کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔ ری پبلکنز نے اس استثناء پر شدید تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ یہ معاہدہ ایسے وقت میں ایرانی معیشت کو فروغ دے گا جب وہ مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجیوں اور اتحادیوں کے لیے بڑھتا ہوا خطرہ ہے۔


































