
ماسکو : روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ امریکہ اور روس براہ راست جنگ کے دہانے پر ہیں۔ ترک اخبار حریت کے ساتھ ایک انٹرویو میں سرگئی لاروف نے کہا کہ موجودہ صدر کے دور میں امریکہ میں روسو فوبیا کو انتہا تک پہنچا دیا گیا ہے۔ ہم کسی کو دوسرے پر ترجیح نہیں دیتے۔ ٹرمپ کے دور حکومت میں امریکی انتظامیہ نے سب سے زیادہ روس مخالف پابندیوں کو اپنایا ہے۔ لاوروف نے کہا کہ اس بات سے قطع نظر کہ انتخابات کون جیتےگا، ہم یہ دیکھتے ہیں کہ امریکہ میں روس مخالف رویہ تبدیل ہو سکتا ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ترکیہ اور شام مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی سنجیدہ خواہش کا اظہار کر رہے ہیں۔ ماسکو ترکیہ اور شام کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے فعال کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شام کی حکومت اپنی سرزمین سے ترک فوجی یونٹوں کو واپس بلانے کا فیصلہ لینے کی ضرورت پر اصرار کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ اصولی طور پر شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی وابستگی کا اثبات کرتا ہے لیکن وہ اپنی افواج کے انخلا کے معاملے پر بعد میں بات کرنے کی تجویز دے رہا ہے۔


































