
واشنگٹن : امریکی نشریاتی ادارے بلوم برگ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے دورہ سعودی عرب میں بڑی سے پہلے چھوٹی کامیابی حاصل کرلی۔ اسرائیل جانے اور وہاں سے آنے والی پروازوں کیلئے سعودی فضائی حدود کے استعمال کا معاہدہ ہوگیا ہے۔ معاہدے سے ایشیائی ممالک سے اسرائیل جانے والی پروازوں کو لمبا چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ بلوم برگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر کی سعودی اور خلیجی اتحادیوں سے ملاقاتیں مستقبل میں تیل کے معاملات کو فروغ دے سکتی ہیں، جو بائیڈن کا دورہ سعودی عرب ان کے سیاسی مستقبل کیلئے ان کی توقع سے زیادہ اہم ثابت ہوا۔ امریکا نے اسرائیل اور عرب ممالک کو ایران کے علاقائی اثر و رسوخ کے مقابلےکیلئے تعاون کا بھی کہا ہے۔ امریکی صدر اسرائیلی شہر تل ابیب سے براہ راست جدہ پہنچے، وہ پہلے امریکی صدر ہیں جو اسرائیل سے براہ راست ایسے عرب ملک پہنچے ہیں جو اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا۔


































