
کابل : طالبان کی افغانستان کے مختلف صوبوں اور شہروں میں پیش قدمی جاری ہے، طالبان نے غزنی اور ہرات کے بعد افغانستان کے دوسرے اہم ترین شہرقندھار پربھی قبضہ کرلیا ہے،اس طرح طالبان کے زیر قبضہ صوبوں کی تعداد12ہوگئی ہے اور طالبان دارالحکومت کابل سے صرف 130 کلومیٹر دور رہ گئے ہیں، طالبان نے قندھار کے اہم علاقوں یعنی گورنر کا دفتر، پولیس ہیڈ کوارٹر اور جیل کا کنٹرول سنبھال لیا ہے،طالبان کا کہنا ہے کہ ہرات میں افغان فوجیوں نے ہتھیار پھینک دیے اور وہ طالبان سے جا ملے ہیں ، طالبان نےصوبہ غزنی کے دارالحکومت غزنی کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، شمال کے سب سے بڑے شہر مزار شریف کے روایتی طالبان مخالف گڑھ کو گھیرے میں لے لیا ہے، صوبہ ہلمند کے دارالحکومت لشکرگاہ میں لڑائی عروج پر ہے اور طالبان نے وہاں کے پولیس ہیڈ کوارٹر پر قبضہ کر لیا ہے جبکہ وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں،صوبہ میدان ورک میں غزنی کے گورنر کو بھی طالبان نے گرفتار کر لیا ہے۔


































