
نابلس : صیہونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں کارروائی کے دوران فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا۔ 32 سالہ مصطفیٰ الکستونی کے سر، سینے اور پیٹ میں گولیاں لگیں۔ صیہونی فوج کے ایک بڑے یونٹ نے جنین پر دھاوا بولا اس موقع پر فلسطینی نوجوانوں کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں۔ فوجیوں نے الکستونی کے گھر کو دھماکے سے اڑا دیا اور دو دیگر فلسطینیوں کو اغوا کر لیا۔ دوسری جانب صیہونی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس کے شمال مغرب میں واقع گاؤں برقع میں فلسطینیوں کی ملکیتی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔ رواں سال اب تک صیہونیوں کی کارروائیوں میں 167 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔


































