
عمان : مشرق وسطیٰ میں جنگ کو روکنے کیلئے سفارتی رابطوں اور کوششوں میں تیزی آگئی ہے۔ اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے اسپین، ناروے اور برطانیہ کے ہم منصبوں سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کے قتل کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا۔ ایمن الصفدی نے کہا کہ کشیدگی کم کرنے کے پہلے قدم کے طور پر اسرائیل کو غزہ میں جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر روکنا ہوگا۔ انہوں نے خطے میں کشیدگی میں مسلسل اضافے کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے مزید کہاکہ جب تک اسرائیل غزہ میں اپنی جنگ بند نہیں کرتا خطے کی سلامتی خطرے میں رہے گی۔ ایمن الصفدی اور لبنانی وزیرخارجہ عبداللہ بو حبیب نے بھی ٹیلی فون پر علاقائی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ اور لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو مسترد کیا۔ ادھر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں نے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں خطے میں کشیدگی کو کم کرنے پر گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے کشیدگی کو کم کرنے اور خطے کو تنازعات کے پھیلنے کے خطرے سے بچانے کی اہمیت کا اعادہ کیا۔


































