
دوحہ: قطر میں امریکا کے العدید ایئربیس پر ایران کے میزائل حملے سے مواصلاتی گنبد تباہ ہوگیا تھا۔ امریکی محکمہ دفاع نے نقصان کی تصدیق کردی۔
اے پی نیوز ایجنسی نے سیٹلائٹ تصاویر کے ذریعے امریکا کا جھوٹا دعویٰ بے نقاب کردیا۔ اے پی نے تجزیہ کے بعد رپورٹ دی ہے کہ ایک ایرانی میزائل العدید ایئربیس پر مواصلاتی گنبد پر لگا جس سے وہ تباہ ہوگیا۔ مواصلاتی گنبد میں محفوظ مواصلات کے لیے امریکیوں کے زیرِ استعمال آلات موجود تھے۔ سیٹلائٹ تصاویر میں 23 جون کی صبح حملے سے چند گھنٹے قبل العدید ایئربیس پر جیو ڈیسک گنبد موجود ہے جبکہ حملے کے بعد کی تصاویر میں گنبد موجود نہیں ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے ایرانی حملے کو انتہائی کمزور ردِعمل قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے کوئی نقصان نہیں پہنچا تاہم اب امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان شان پارنیل نے بی بی سی فارسی کی ویریفائی سروس کو بتایا کہ فضائی نظام نے بیشتر ایرانی میزائلوں کو تباہ کر دیا تھا لیکن ایک میزائل نے العدید ایئربیس کو نشانہ بنایا تھا۔ جس سے بیس کے ساز و سامان اور اسٹرکچر کو معمولی نقصان پہنچا تھا اور اس میں کوئی زخمی بھی نہیں ہوا تھا۔
حملے کے بعد ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے کہا تھا کہ تباہ کن اور طاقتور میزائل حملے کا ہدف فضائی مرکز تھا۔ ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل نے بھی کسی خاص نقصان کا تخمینہ پیش کیے بغیر یہ دعویٰ کیا تھا کہ مرکز تباہ ہو گیا تھا۔


































