
غزہ : صیہونی فوج نے چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ میں شدید ترین حملے کئے ہیں۔ فضائی اور زمینی کارروائیوں میں مزید ستاون فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی کردئے گئے جبکہ قحط کے باعث دو افراد دم توڑ گئے۔
اسرائیلی جنگی طیاروں نے آج صبح سویرے الشاطی پناہ گزین کیمپ میں بمباری کرکے متعدد مکانات کو مسمار کر دیا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت کئی فلسطینی شہید اور متعدد ملبے تلے دب گئے۔
نیٹزارم کوریڈور کے قریب شہریوں کے گروپوں پر حملوں میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ وسطی غزہ میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر حملوں میں سولہ فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوئے۔ الزویدہ میں رات گئے ایک اور حملہ کیا گیا جس میں پانچ فلسطینی شہید اور گیارہ زخمی ہوگئے۔ نصیرات کیمپ میں مکان پر حملے میں چار شہری شہید اور دیگر زخمی ہوئے۔ دو سال سے جاری وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں اب تک کم از کم 65,502 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔


































