
لندن: برطانیہ کے دو سو بیس ارکان پارلیمنٹ نے وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ نو سیاسی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مطالبہ اسٹارمر کے نام خط میں کیا۔
خط میں دستخط کرنیوالے نصف سے زائد ارکان کا تعلق لیبر پارٹی سے ہے۔ ارکان نے موقف اختیار کیا کہ برطانیہ کا فلسطین کو تسلیم کرنا ایک طاقتور پیغام اور دو ریاستی حل کی جانب ایک اہم قدم ہوگا۔ خط میں کہا گیا کہ ہم 1980 سے دو ریاستی حل کی حمایت کرتے آئے ہیں، فلسطین کو تسلیم کرنا نہ صرف اس مؤقف کو حقیقت کا روپ دے گا بلکہ ان ذمے داریوں کو بھی پورا کرے گا جو برطانیہ پر ماضی کے مینڈیٹ کے تحت عائد ہوتی ہیں۔
سرکیئر اسٹارمر نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اپنے قریبی اتحادیوں کے ساتھ مل کر خطے میں امن کے راستے پر کام کر رہے ہیں اور ان کی توجہ ایسے عملی حل پر مرکوز ہے جس سے جنگ زدہ افراد کی زندگیوں میں حقیقی فرق آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ راستہ جنگ بندی کو دیرپا امن میں تبدیل کرنے کے لیے درکار ٹھوس اقدامات کا تعین کرے گا۔


































