
کابل : افغانستان میں اقوام متحدہ کے رابطہ کار ادارے نے ڈھائی کروڑ کے قریب افغان شہریوں کی ابتر صورتحال سے خبردار کیا ہے۔ رابطہ کار کے مطابق افغانستان میں شرح افلاس میں بری طرح اضافہ ہوگیا ہے اور اس وقت 2کروڑ 40لاکھ شہریوں کو محض زندہ رہنے کے لئے فوری امداد کی ضرورت ہے۔ ادارے نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ پریشان حال افغانوں تک فوری امداد کا بندوبست کیا جائے۔ عالمی ادارہ خوراک نے بتایا کہ ایک طرف افغانستان میں غذائی قلت میں اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری جانب درپیش موسم سرما کے لئے افغان عوام کے پاس مناسب تیاری نہیں ہے ۔ گذشتہ بیس سال کے قحط کا ریکارڈ افغانستان میں ٹوٹنے والا ہے۔ ادھر یونیسف نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر ضروری اقدامات نہ کئے گئے تو افغانستان کے ستانوے فیصد عوام خط افلاس سے نیچے چلے جائیں گے۔


































