
غزہ : صیہونی فوج نے غزہ سٹی پر جاری حملوں میں دو ہفتوں کے دوران ایک ہزار سے زائد عمارتیں تباہ کردیں۔ تازہ حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت اکاون فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی کردئے۔
غزہ کے سول ڈیفنس نے اطلاع دی ہے کہ غزہ شہر پر اسرائیلی فضائی حملوں میں شدت کے دوران 6 اگست سے زیتون اور صابرہ کے محلوں میں 1,000 سے زیادہ عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں تنظیم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کی سینکڑوں لاشیں اب بھی ملبے کے نیچے پھنسی ہوئی ہیں جب کہ جاری گولہ باری اور رسائی کے راستوں اور وسائل کی کمی کی وجہ سے کئی امدادی کارروائیوں کو روکا جا رہا ہے۔
ادھر صیہونی فوج نے غزہ سٹی میں اپنی وحشیانہ کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ جہاں کئی خیموں اور مکانات کو نشانہ بنایا گیا۔ صیہونی حملوں میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جس میں امداد کے متلاشی سترہ افراد بھی شامل ہیں۔


































