
ملت تشیع کا کسی گستاخ سے تعلق نہیں، عزاداری کی راہ میں کسی رکاوٹ کو قبول نہیں کیا جائے گا،متنازع تحفظ بنیاد اسلام بل کو واپس لیا جائے، مشترکہ اعلامیہ
دشمنان اہلبیتؑ کو صحابی بنا کر ان کا احترام نہیں کرایا جاسکتا، علامہ ناصر عباس، اصحاب سے پہلے توہین رسالت اور اہلبیتؑ کی بات کریں،علامہ ساجد نقوی
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) علماءو ذاکرین نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ملت جعفریہ اپنے بنیادی عقائد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور نہ ہی عزاداری کی راہ میں کسی بھی رکاوٹ کو قبول کیا جائے گا،ملت تشیع کا کسی گستاخ شخص سے کوئی تعلق نہیں، ایک فرد کی دریدہ دہنی کو جواز بنا کر شیعہ قوم کے خلاف اسی نوعیت کی دریدہ دہنی غیر شرعی اور سنگین جرم ہے،پنجاب اسمبلی میں پیش کردہ تحفظ بنیاد اسلام بل متنازع ہے اسے فی الفور واپس لیا جائے، شرپسند عناصر کو فرقہ واریت پھیلانے کا موقع نہیں دیا اور نہ ہی آئندہ اس قسم کی کسی کوشش کو کامیاب ہونے دیا جائے گا ، ملک بھر میں مجالس عزا اور روایتی جلوسوں کے خلاف درج ایف آئی آرز کو فی الفور واپس لیا جائے،اسلام آباد میں علما وذاکرین کانفرنس کے اختتام پر منظور قراردادوں میں فرانس کے میگزین میں گستاخانہ خاکوں اور سوئیڈن میں قرآ ن مجید کی بے حرمتی ، عرب ممالک کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کی گئی ،کانفرنس سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہاکہ فتنہ گر اس وقت وطن عزیز میں اپنی سازشوں میں لگے ہوے ہیں ، انہیں پہلے کی طرح کی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا ، ایک معمولی ذاکر کی بات کو اتنی اہمیت دی گئی اور ہمارے فقہا کے مقدسات اہلسنت کے احترام کے فتاویٰ کو یکسرنظر اندازکردیا گیا، ایک دو افراد کی غلطی کے سبب پوری قوم کو زیر سوال نہیں لایا جاسکتا،انہوں نے کہا کہ اہل بیت علیہم السلام کے دشمنوں کو صحابی بنا کر ان کا احترام کرنے پر زور دیں ، یہ ہرگز نہیں ہوسکتا، علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ ہم شہری حقوق پر آنچ نہیں آنے دیں گے، مسلم و غیرمسلم سب کو ان کے حقوق ملنے چاہیئں، احتجاج سب کا حق ہے، مگر تشدد اور تکفیر کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، ملت تشیع حالیہ ہونے والے اجتماعات سے کئی گناہ بڑا اجتماع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، مگر ہم ملک کو کسی نئے بحران سے دوچار نہیں کرنا چاہتے ،جو لوگ اصحاب کی بات کر رہے ہیں پہلے وہ توہین رسالت اور توہین اہل بیت کی بات کریں، باقی باتیں بعد میں آتی ہیں،کسی کی تکفیر کے قائل ہیں اور نہ کسی کو کافر قراردینا درست سمجھتے ہیں،کانفرنس میں استادالعلما مفسر قران سربراہ جامعتہ الکوثر علامہ شیخ محسن نجفی، سربراہ جامع المنتظر علامہ حافظ ریاض نجفی، علامہ شیخ حسن جعفری،، مخزن العلوم جعفریہ ملتان کے سربراہ علامہ سید تقی شاہ، امت واحدہ کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی کے علاوہ آئی ایس او، آئی او،جے ایس او، اصغریہ آرگنائزیشن، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے نمائندوں اور مختلف علماکرام و ذاکرین اور اکابرین نے بھی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔


































