
امریکا ایران کی دفاعی اور علاقائی طاقت سے خوفزدہ ہے، امریکیوں کی ہرزہ سرائی اور شور شرابہ ان کے خوف اور اس میدان میں ان کے پیچھے رہ جانے کی وجہ سے ہے
امریکی پابندیاں مظالم کا مظہراور مجرمانہ ہیں، عوام کے خلاف گھناﺅنے جرائم پر فخر صرف ٹرمپ جیسا کوئی پست شخص ہی کر سکتا ہے، پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب
تہران(نیوز ڈیسک) ولی امر مسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا ایران کی دفاعی اور علاقائی طاقت سے خوفزدہ ہے، امریکیوں کی ہرزہ سرائی اور شور شرابہ ان کے خوف اور اس میدان میں ان کے پیچھے رہ جانے کی وجہ سے ہے،ایران امریکا کے زیادہ سے زیادہ دباو ¿ کو اس کی زیادہ سے زیادہ رسوائی میں بدل دے گا، امام علی ملٹری آفیسرز یونیورسٹی کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ سے خطاب میں ولی امر مسلمین نے کہا کہ ا یران کی دفاعی، میزائلی اور علاقائی طاقت کے بارے میں امریکا پر مسلط بدمعاشوں کا ٹولہ اس لئے شور شرابہ مچار رہا ہے کہ ایران نے یہ طاقت گہرے حساب کتاب اور دانشمندی کی بنیاد پر حاصل کی ہے ،انہوں نے ایران کے خلاف امریکی کوششوں اور پابندیوں کو مظالم کا مظہر اورقطعی مجرمانہ قرار دیا اور کہا کہ ایران مزاحمت جاری رکھے گا اور جہاں تک ہوسکے گا واشنگٹن کیلئے زیادہ سے زیادہ رسوائی کاسامان کرے گا، ایران میں اقتصادی مشکلات پر امریکی صدر کے اظہار مسرت کا ذکر کرتے ہوئے ولی امر مسلمین نے کہاکہ عوام کے خلاف گھناﺅنے جرائم پر فخر صرف ٹرمپ جیسا کوئی پست شخص ہی کر سکتا ہے،انہوں نے ایرانی حکام کو نصیحت کی کہ بیرونی دنیا سے کوئی امید نہ رکھی جائے اور امریکی عوام پر مسلط بدمعاشوں کے شور شرابے پر بھی کوئی توجہ نہ دی جائے، ایرانی قوم ایمان کی طاقت اور قومی عزم وارادے کے ذریعے مشکلات پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائے گی اور پابندیوں کو ملکی معیشت پائیدار بنانے کے ایک موقع میں تبدیل کر دے گی جبکہ امریکا کے جرائم پیشہ اور پست حکمرانوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔


































