
ملک بھر میں سائبر کرائمز کی شرح میں اضافے کے پیش نظر وفاقی حکومت نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو جدید خطوط پر اَپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ونگ کی اپ گریڈیشن کے منصوبے پر 2 ارب روپے لاگت آئے گی۔ ذرائع کے مطابق ونگ کو مزید فعال بنانے کیلئے ماہرین پر مشتمل مزید 1100 افراد کو بھرتی کیا جائیگا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اسٹاف کی کمی اور وسائل کی عدم دستیابی کے باعث کیسز التواء کا شکار ہو جاتے ہیں اور سوشل میڈیا اداروں کیساتھ تعاون کے معاہدے نہ ہونے سے انکوائریاں بھی مکمل نہیں ہوتی تھیں۔
اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سائبر کرائم ونگ کو جدید سہولیات سے مزین کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے لیب اور پیپر لیس کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم بھی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت اب تمام کام کمپیوٹرائز ہوگا۔ چھوٹے شہروں میں بھی سائبر ونگ بنائے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق جرائم کی روک تھام اور ملزمان کو ٹریس کرنے کیلئے فیس بک اور یوٹیوب کیساتھ باقاعدہ معاہدے کیے جائیں گے۔


































