
صوبہ لوگر میں عیدالضحیٰ سے صرف ایک دن پہلے بم دھماکے میں 17 افراد جانبحق ہو گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبہ لوگر کے دارالحکومت پل عالم میں گورنر کے دفتر کے قریب کار بم دھماکا ہوا جہاں لوگوں کی اکثریت عید قربان کے لیے خریداری کر رہے تھے، دھماکے کے نتیجے میں 17 افراد جانبحق اور 22 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ خیال رہے یہ دھماکا افغان طالبان اور افغان حکومت کے درمیان عیدالضحیٰ کے دوران جنگ بندی کے موقع پر ہوا جس کا آغاز آج سے ہی ہوا ہے تاہم افغان طالبان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔ ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اس حملے کا ہمارے گروپ سے کوئی لینا دینا نہیں۔ دوسری جانب کسی اور گروپ نے اب تک دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ افغان صوبہ لوگر کے گورنر کے ترجمان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ بظاہر یہ حملہ خودکش لگتا ہے۔ حکومتی حکام کے مطابق دھماکے میں افغان سیکیورٹی فورسز کے جوان بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ واضح رہے افغان طالبان کی جانب سے عیدالضحیٰ کے موقع پر 3 دن کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا اور افغان حکومت نے اس اعلان کا خیرمقدم کیا تھا۔


































