
یورپ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں پر اسرائیل کے ساتھ تجارت، سائنس، ثقافت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو انتہائی کم کردے
یورپ اسرائیلی لیڈرز کا یورپ میں داخلہ روکنے کے علاوہ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ میں اسرائیل کے خلاف چلنے والے مقدمے کی بھی حمایت کرے،نمائندہ اقوام متحدہ
نیویارک(نیوز ڈیسک) اسرائیل بین الاقوامی دباوَ کے بغیر مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر سے اپنا قبضہ ختم نہیں کرے گا ،اقوام متحدہ نے صاف صاف کہہ دیا، فلسطین کیلئے خصوصی نمائندے ہ مشل لینک نے یورپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات کی سطح کو نیچے لائے، یورپین پارلیمنٹ کی سب کمیٹی برائے انسانی حقوق میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ضروری ہے کہ یورپ، اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں پر اس کے ساتھ تجارت، سائنس، ثقافت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو انتہائی کم کردے ،یورپ اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ علاقوں سے بھیجی جانے والی اشیاءاور وہاں سے آنے والے لیڈرز کا یورپ میں داخلہ روکنے کے علاوہ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ میں اسرائیل کے خلاف چلنے والے مقدمے کی بھی حمایت کریں ،اقوام متحدہ کے نمائندے نے کہاکہ بین الاقوامی قانون کے تحت ایک قبضہ عارضی ہوتا ہے اور اقتدار پر قابض قطعی طور پر کوئی علاقائی دعوے نہیں کرسکتا، یہ اس قبضے کے تحت آبادی کے بہترین مفاد میں ان پر حکمرانی کرتا اور اس سلسلے میں عالمی برادری کی ہدایت پر سختی سے عمل کرتا ہے ، اسرائیل مقبوضہ علاقوں سے متعلق ان چاروں بڑے اصولوں کی ایک عرصے سے خلاف ورزی کرتا چلا آرہا ہے۔


































