
اورکزئی کے علاقہ بلند خیل میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چھ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقہ بلند میں ٹل اسکاوٹس اور اورکزئی پولیس نے مشترکہ کارروائی کی، کارروائی کے دوران چھ دہشت گردوں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق برآمد شدہ اسلحے میں 8 ہینڈ گرنیڈ، وردیاں، کلاشنکوف و دیگر سامان شامل ہیں، گرفتار دہشت گردوں سے مزید تفتیش کیلئے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ان دہشت گردوں نے گذشتہ روز آصف نامی شخص کو موت کے گھاٹ اتارا تھا، مقتول آصف علاقہ بلند خیل میں پی ٹی آئی کے یونین کونسل صدر تھے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز خفیہ اطلاع پر سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے سرگودھا سے 7 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرکے صوبے میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بنائی تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کا نیٹ ورک پڑوسی ملک کی ایجنسی کی ایما پر دہشت گردی کرنا چاہتا تھا، دہشت گردوں کا نیٹ ورک پاکستان میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کرانا چاہتا تھا، رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں نے مخالف فرقے کی اہم شخصیات کو نشانہ بنانا تھا۔


































