
غزہ : صیہونی فوج کے غزہ پر جاری فضائی اور زمینی حملوں میں چوبیس گھنٹوں کے دوران اڑسٹھ فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ حملوں میں غزہ سٹی میں کئی مکانات اور رہائشی اپارٹمنٹس تباہ کردئے گئے۔
اسرائیلی جنگی طیاروں نے صبح سویرے غزہ سٹی کے جنوب میں الصابرہ محلے میں ایک گھر پر بمباری کی جس میں کئی فلسطینی شہید اور دیگر زخمی ہوئے۔ الزوائدہ قصبے کے مشرق میں ایک گاڑی پر بمباری سے بچے سمیت پانچ افراد شہید اور دیگر زخمی ہوئے۔ الدراج محلے میں خیمے پر حملے میں پانچ ۔ صابرہ میں ایک حملے میں سات۔ جبکہ شمالی غزہ میں مختلف حملوں میں گیارہ فلسطینی شہید ہوئے۔
خان یونس۔ دیر البلاح اور نصیرات میں بھی شدید حملے کئے گئے جس میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ شدید حملوں کی وجہ سے لوگوں کو غزہ سٹی سے نکلنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اب تک پانچ لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔


































