
تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی صدر کی جانب سے رفح پر حملے روکنے کا مطالبہ مسترد کردیا ہے۔ برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پیش آئی تو اسرائیل حماس کو شکست دینے کیلئے اکیلا کھڑا رہے گا۔ اسرائیلی وزیراعظم کا تازہ بیان امریکی صدر بائیڈن کی جانب سے رفح پر حملے کی صورت میں اسرائیل کی فوجی امداد بند کرنے کی دھمکی کے بعد آیا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ اگر ہمیں حماس کو شکست دینے اور اپنی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے اکیلا کھڑا ہونا پڑا تو ہم اکیلے کھڑے ہوں گے۔ اگر سب کچھ بھی ختم ہوگیا تو ہم ناخنوں سے لڑیں گے۔ اس وقت اسرائیل بہت مضبوط ہے اور ہمارے پاس کافی وسائل موجود ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے تازہ بیان کو امریکہ اور اسرائیل کے تعلقات میں بڑھتی کشیدگی کا عکاس قرار دیا جارہا ہے۔


































