
تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ جب بھی تنازع کا سفارتی حل قریب آتا ہے، امریکا فوجی مہم جوئی کا راستہ اختیار کر لیتا ہے۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ جب بھی مذاکرات یا سفارتی پیش رفت کا امکان پیدا ہوتا ہے تو واشنگٹن غیر ذمہ دارانہ فوجی اقدامات کی جانب بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آیا یہ دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی ہے یا پھر کسی ایسے فریق کا اثر ہے جو امریکی صدر کو نئے بحران میں دھکیل رہا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نتیجہ ہمیشہ ایک ہی نکلتا ہے کہ سفارت کاری متاثر ہوتی ہے جبکہ خطے میں کشیدگی بڑھ جاتی ہے۔ عباس عراقچی نے واضح کیا کہ ایران کسی دباؤ، دھمکی یا فوجی دباؤ کے آگے سر نہیں جھکائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ثابت قدم ہیں۔


































