
جنیوا: عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس نے امریکا کے ڈبلیو ایچ او سے انخلا کے فیصلے کو غلط معلومات پر مبنی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس سے دنیا کم محفوظ ہو جائے گی۔ ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ڈبلیو ایچ او سے علیحدگی کی وجوہات حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔اس فیصلے سے نہ صرف امریکا بلکہ پوری دنیا کی سلامتی کو نقصان پہنچے گا۔ ٹیڈروس نے یاد دلایا کہ امریکا ایک بانی رکن کے طور پر ڈبلیو ایچ او کی کامیابیوں میں نمایاں کردار ادا کرتا رہا ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے واضح کیا کہ وہ کورونا وبا سے متعلق اپنے ردِعمل پر قائم ہے اور معلومات چھپانے کے الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ ادارے نے امریکا کے اس دعوے کو بھی غلط قرار دیا کہ ڈبلیو ایچ او نے کسی سیاسی یا امریکا مخالف ایجنڈے کے تحت کام کیا۔ ٹیڈروس نے امید ظاہر کی کہ امریکا مستقبل میں دوبارہ عالمی ادارۂ صحت میں فعال کردار ادا کرے گا۔


































