
بیروت: لبنانی صدر جوزف عون نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی لبنان میں مقبوضہ علاقوں سے نکلنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے، یہ اقدام لبنانی فوج کی مکمل تعیناتی کے لیے ضروری ہے۔ جوزف عون نے امریکی نیول کمانڈر ایڈمرل بریڈ سے ملاقات میں سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کو نافذ کرنے کے لیے جنگ بندی کی نگراں کمیٹی کو فعال کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ قرارداد میں اسرائیلی جارحیت کو روکنے، مقبوضہ پہاڑیوں سے انخلاء، اور لبنانی قیدیوں کی واپسی کا تعین کیا گیا ہے۔ انہوں نے خبردارکیا کہ جنوبی علاقوں میں اسرائیل کے مسلسل حملے لبنانی فوج کی تعیناتی میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لبنانی فوج نے بعض فلسطینی کیمپوں سے ہتھیاروں کا کنٹرول بھی لینا شروع کر دیا ہے۔ صدر جوزف عون نے ایڈمرل کوپر پر زور دیا کہ امریکا لبنانی فوج کی حمایت جاری رکھے اور اسے ضروری سازوسامان اور گاڑیاں فراہم کرے تاکہ وہ ملک بھر میں سونپے گئے فرائض کو انجام دے سکے۔


































