
واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسلام پسند شدت پسند گروپوں سے نمٹنے کے لیے نائجیریا میں فوجی کارروائی کے منصوبے تیار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں نائجیریا کی حکومت پر عیسائیوں کے قتل کو روکنے میں ناکامی کا الزام لگایا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ امریکہ نے نائجیریا میں اپنی فوجیں بھیجیں تو اسلامک دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پوری طاقت کے ساتھ کارروائی کی جائے گی۔ نائجیریا کو ملنے والی تمام امداد روک دی جائے گی۔ ٹرمپ نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کن قاتلانہ واقعات کا حوالہ دے رہے ہیں۔
وزیر دفاع پیٹ ہیگسیٹھ نے پوسٹ پر جواب میں لکھاکہ جی سر۔ محکمہِ جنگ کارروائی کی تیاری کر رہا ہے۔ یا تو نائجیریا کی حکومت عیسائیوں کا تحفظ کرے، یا ہم ان اسلامی دہشت گردوں کو مار ڈالیں گے جو یہ وحشت ناک مظالم کر رہے ہیں۔ نائجیریا کے صدر بولہ ٹینو بو نے زور دے کر کہا کہ ملک میں مذہبی رواداری موجود ہے اور سیکیورٹی کے چیلنجز مذہبی جماعتوں اور علاقوں کے پار لوگوں کو متاثر کر رہے ہیں۔


































