
نیویارک : شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربات کے تناظر میں امریکا نے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اجلاس کے دوران شمالی کوریا پر نئی پابندیاں تو درکنار اس کے خلاف کوئی باضابطہ بیان بھی جاری نہیں ہوسکا۔ امریکا اور اس کے اتحادیوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شمالی کوریا کی جانب سے مبینہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کو لے کر پابندیوں کا مطالبہ کیا، تاہم روس اور چین کی جانب سے مخالفت کی وجہ سے سلامتی کونسل کوئی قدم نہیں اٹھا سکی۔دوسری جانب شمالی کوریا کے وزیر خارجہ نے میزائل تجربات کی مذمت کرنے میں امریکا کا ساتھ دینے پر اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس کو امریکی کٹھ پتلی قرار دیا ۔ بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے میزائل تجربات پر دہرے معیار کا مظاہرہ کیا۔ سلامتی کونسل کا اجلاس شدید سیاسی اشتعال انگیزی تھا۔

































