
ریاض : ایران نے امریکا اور صیہونی ریاست کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کو عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے ریاض میں فورم سے خطاب میں کہا کہ جنگ پسندی کے خلاف تہذیبوں کا اتحاد ایک مضبوط ڈھال بننا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں بالخصوص مغربی ایشیا میں بحرانوں اور فوجی جارحیت میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے صیہونی ریاست کی جانب سے فلسطینی عوام اور خطے کے ممالک، جن میں لبنان، شام، یمن، ایران اور قطر شامل ہیں، پر مسلسل حملوں کی مذمت کی۔ انہوں نےکہا کہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی پر مبنی اسرائیلی اقدامات جنگ پسندی اور یکطرفہ پالیسیوں کی واضح مثال ہیں، جو نہ صرف مظلوم اقوام بلکہ علاقائی اور عالمی امن کے بھی خلاف ہیں۔ انہوں نے اسرائیل اور امریکا کے احتساب کا مطالبہ کیا۔


































