
نیویارک: اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ جب تک ممکن ہوا اس کی ٹیمیں غزہ سٹی اور دوسرے علاقوں میں اپنی خدمات اور امداد کی فراہمی کی کوششیں جاری رکھیں گی۔ ایک پریس بیان میں اقوام متحدہ کی ٹیم نے کہا ہے کہ اسرائیلی حکام نے یک طرفہ طور پر جنوب میں شاطی کو محفوظ قرار دیا ہے لیکن ان لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کچھ نہیں کیا جنہیں وہاں منتقل ہونے پر مجبور کیا گیا ہے۔
یو این کی ٹیم نےانسانی رسائی کو شمال اور جنوب کی براہِ راست سڑکوں تک بڑھانے اور ایندھن اور پانی کی فراہمی کھولنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ٹیم نے غزہ کے خاندانوں کے لیے ایک پیغام بھیجا جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ انسانی برادری غزہ سٹی میں جب تک ممکن ہوا موجود رہے گی۔ وہ پٹی میں اپنا کام جاری رکھے گی اور زندگی بچانے والی امداد اور خدمات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ انہوں نے عالمی برادری سے فوری جنگ بندی اور بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام کرنے کے لیے کام کرنے اور مطالبہ کرنے کی اپیل کی۔


































