
جنیوا : اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندوں نے اسرائیل اور امریکا کی حمایت یافتہ غزہ ہیومینیٹیرین کو فوری تحلیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ امدادی سرگرمیوں کو خفیہ عسکری اور جغرافیائی سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
اقوام متحدہ کے مینڈیٹ یافتہ ماہرین کے ایک غیر معمولی بڑے گروپ نے جی ایچ ایف کی سرگرمیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ماہرین نے مزید کہا کہ اسرائیلی انٹیلی جنس، امریکی ٹھیکیداروں اور مبہم غیر سرکاری اداروں کا گٹھ جوڑ فوری طور پر مضبوط بین الاقوامی نگرانی اور اقوام متحدہ کی زیر سرپرستی اقدامات کا متقاضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسے انسانی ہمدردی کہنا اسرائیل کی انسانی ہمدردی کی آڑ کو تقویت دینے کے مترادف ہے اور یہ عالمی امدادی اصولوں کی توہین ہے۔ خصوصی نمائندوں نے خبردار کیا کہ اگر واضح احتساب نہ کیا گیا تو انسانی امداد کا تصور خود جدید ہائبرڈ جنگ کا شکار بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایف کو ختم۔ سربراہان کا احتساب اور اقوام متحدہ و سول سوسائٹی کے تجربہ کار اداروں کو ایک بار پھر زندگی بچانے والی امداد کے انتظام اور تقسیم کا اختیار دے کر امدادی سرگرمیوں کی ساکھ اور مؤثریت کو بحال کیا جا سکتا ہے۔


































