
انقرہ : ترکیہ بھی ایٹمی پروگرام کو توسیع دینے کی دوڑ میں شامل ہوگیا۔ چین ترکیہ میں جوہری پلانٹ تعمیر کرے گا۔ ترکیہ کے وزیر توانائی الپرسلان بیریکتر نے میڈیا کو بتایا کہ ترکیہ اور چین کے درمیان مشرقی تھریس میں نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کے لیے بات چیت آگے بڑھ رہی ہے اور چند ماہ میں معاہدہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے سینئر حکام نے مشرقی تھریس کا دورہ کیا اور وہ مقامات دیکھے جہاں ایٹمی پلانٹ کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک بہت اہم نقطہ پر پہنچے ہیں کہ ہمیں معاہدے کو چند مہینوں میں حتمی شکل دینے کی ضرورت ہے۔ رپورٹ کے مطابق روس پہلے ہی ترکیہ میں ایک پاور پلانٹ تعمیر کر رہا ہے جو اگلے سال جزوی طور پر فعال ہو جائے گا۔ اور دوسرے پلانٹ کے لیے جنوبی کوریا اور ماسکو کے ساتھ بات چیت جاری ہے جسے سینوپ میں تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔


































