
واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس کو دھمکی دیتے ہوئے کہاہےکہ اگر رضاکارانہ طور پر ہتھیار نہ ڈالے، تو اسے زبردستی غیر مسلح کر دیا جائے گا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔ ان کی حماس کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے اور تنظیم نے اپنے ہتھیار ڈالنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس کا غیر مسلح ہونا جلد ہوگا اور اگر ضرورت پڑی تو یہ عمل طاقت کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر حماس نے ہتھیار نہ پھینکے تو ہم خود ان سے چھین لیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ پیغام سفارتی ذرائع کے ذریعے حماس تک پہنچا دیا گیا ہے ٹرمپ نے کہا کہ یہ ان کے مجوزہ 20 نکاتی امن منصوبے کا حصہ ہے، جس میں غزہ سے حماس کی عسکری طاقت کا خاتمہ اور علاقے کو ایک غیر مسلح زون میں تبدیل کرنے کی شرط شامل ہے۔


































