
نیویارک: اقوام متحدہ کے مطابق رواں سال مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج اور آبادکاروں کے تشدد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں تین ہزار دو سو سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کےادارے اوچا کی رپورٹ کے مطابق زخمیوں کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں اٹھائیس فیصد زیادہ ہے۔
اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور آبادکاروں کے تشدد نے مقبوضہ مغربی کنارے میں انسانی صورتحال کو مزید بگاڑ دیا ہے۔ ادارے کے مطابق صرف رواں ماہ 7 سے 13 اکتوبر کے درمیان اسرائیلی آبادکاروں کے کم از کم 71 حملے ریکارڈ کیے گئے، جن میں جانی نقصان، املاک کی تباہی یا دونوں شامل تھے۔ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی تشدد اور آبادکاری کی پالیسیوں کے باعث مغربی کنارے میں حالات تیزی سے بگڑ رہے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب غزہ میں جنگ بندی نازک مرحلے میں ہے۔


































