
غزہ : امریکا نے غزہ میں امداد کی تقسیم اور نگرانی کیلئے سول و عسکری رابطہ مرکز کے نام سے نیا ادارہ قائم کردیا ہے۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق چالیس سے زائد امدادی تنظیمیں امریکی فوج کی زیر قیادت سول ملٹری کوآرڈینیشن سینٹر کے تحت کام کریں گی۔ امریکی اقدام کے نتیجے میں اسرائیلی کردار اب صرف معاونت تک محدود ہوگیا ہے وہ اب یہ فیصلہ نہیں کرے گا کہ غزہ میں انسانی امداد کس طرح اور کن شرائط پر داخل ہو گی۔
امریکی حکام نے واضح کیا کہ یہ اقدام صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کے عملی نفاذ کی کوششوں کا حصہ ہے اور اس کے تحت امدادی سامان کی منظم تقسیم اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی رکاوٹوں کی وجہ سے انسانی بحران میں کمی نہیں آسکی۔ اسرائیل نے معاہدے کے تحت چھ سو کے بجائے صرف سو ٹرک یومیہ غزہ میں داخل ہونے دئے۔


































