
کابل: طالبان ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے تحریک طالبان پاکستان کی افغانستان کے دیگر حصوں میں منتقلی سے متعلق پاکستان کے دعوے کی تردید کردی۔ ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا ہے کہ پاکستانی سرحدی علاقے وزیرستان میں تنازعات کی وجہ افغانستان آنیوالے مہاجرین کو دوسرے علاقوں میں منتقل کیا جائے گا تاکہ پاکستان کو افغانستان سے خطرات کے تحفظ کا یقین دلایا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کوئی پاکستان میں سرگرم ہے یا اس کی نقل و حرکت ہے تو یہ پاکستان کا مسئلہ ہے۔ انہیں خود یہ مسئلہ حل کرنا چاہیے۔ ہم افغان سر زمین سے پاکستان یا کسی اور ملک کیلئے خطرہ بننے کی کسی کو اجازت نہ دینے کے پابند ہیں۔ اس سے پہلے افغانستان کے لیے پاکستان کے خصوصی ایلچی آصف علی درانی نےکہاتھا کہ پاکستان ٹی ٹی پی کی افغانستان کے دیگر علاقوں میں منتقلی کا خیرمقدم کرتا ہے۔ اس سے ہماری تمام سرحدوں پر امن قائم ہوتا ہے، تو یہ ایک بہت بڑی تبدیلی ہوگی۔


































