
کابل: طالبان حکومت نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی حمایت اور اسلحہ فراہم کرنے کا الزام مسترد کردیا ہے۔ افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے بی بی سی کو انٹرویو میں کہا کہ ٹی ٹی پی کے پاس کوئی بھاری ہتھیار دیکھا گیا ہے اور نہ ہی اس کی منتقلی کا کوئی امکان ہے۔ انہوں نے افغان سرزمین پر غیر ملکی فوجی اڈوں کے قیام کو مسترد کردیا اور کہا کہ طالبان غیرملکی اڈوں پر راضی تھے تو بیس سال تک کیوں لڑتے رہے؟ انہوں نے کہاکہ یہ لڑائی ان ممالک کے ساتھ لڑی گئی جن کے پاس بے پناہ وسائل ہیں۔ اپنی سرزمین پر کوئی فوجی اڈہ قبول کریں گے اور نہ ہی ایک بھی غیر ملکی فوجی کو برداشت کریں گے۔ متقی نے خواتین کی تعلیم کو افغانستان کا اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کو مناسب طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ ملک میں آئندہ کسی بھی تنازع کو روکا جا سکے۔


































