
کابل: افغانستان میں طالبان انتظامیہ نے ملک بھر میں ٹیچرز ٹریننگ سینٹرز کو بند کردیا ہے۔ افغان وزارت تعلیم نے محکمہ پروان دارالمعلمین کو تحلیل کردیا ہے جس کے باعث چھ ہزار سے زائد انسٹرکٹرز اور ملازمین کا مستقبل غیر یقینی ہوگیاہے۔ وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ ٹریننگ سینٹرز کے انسٹرکٹرز کو اسکولوں، دارالعلوم اور مدارس کی خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لیے بھرتی کیا جائے گا۔ انسٹرکٹرز نے کہا کہ وزارت تعلیم کی انتظامیہ نے ایک تعلیم ادارے اور معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی کو توڑ دیا ہے۔ انہوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور طالبان انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔ ایک انسٹرکٹر ذبیح اللہ ہاشمی نے کہا کہ وزارت تعلیم ایک طرف تو دعویٰ کرتی ہے کہ اسکول کے اساتذہ پیشہ ور نہیں ہیں اور دوسری طرف وہ تعلیمی شعبہ سے چار ہزار اساتذہ کو الگ کردیتی ہے۔


































