
نابلس :مقببوضہ بیت المقدس میں واقع شعفاط کیمپ کو صیہونی فوجیوں نے محاصرے میں لے رکھا ہے۔ فلسطینی استقامتی گروہوں نے اس جارحانہ اقدام پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ غاصب افواج فلسطینیوں کا ارادہ توڑنے میں ناکام رہیں گے۔ استقامتی گروہوں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بین الاقوامی اداروں اور عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ شعفاط کیمپ میں صیہونی غاصب افواج کے جرائم کو روکنے کے لئے فوری طور پرعملی اقدام کریں۔ حماس کے رہنما حازم قاسم نے شعفاط کیمپ کے فلسطینیوں کو مخاطب کرکے کہا کہ تحریک مزاحمت انہیں ہرگز اکیلا نہیں چھوڑے گی ۔مقبوضہ بیت المقدس، غرب اردن اور انیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ علاقوں میں رہائش پذیر فلسطینیوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ شعفاط کیمپ کا محاصرہ توڑنے اور غاصب صیہونی فوجیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لئے قدم آگے بڑھائیں ۔ انہوں نے تمام فلسطینیوں سے اپیل کی کہ محاصرہ توڑ کر صیہونیوں کو اپنے ناپاک عزائم تک پہنچنے میں ناکام بنائیں ۔اس موقع پر جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان داؤد شہاب نے بھی زور دیکر کہا کہ مسلحانہ انتفاضہ کا شعلہ بھڑک چکا ہے اور فلسطینی شہادت پسند مجاہد، اس کو غرب اردن، بیت المقدس اور تمام مقبوضہ سرزمینوں تک شعلہ ور رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سبھی فلسطینی عوام اور جہادی تنظیمیں مسلحانہ انتفاضہ جاری رکھنے پر مصمم ہیں۔


































