
واشنگٹن : امریکی اسلحہ ساز کمپنی آر ٹی ایکس نے سعودی عرب کے ساتھ اربوں ڈالر کا ہتھیاروں کا معاہدہ منسوخ کردیا۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل کے مطابق آر ٹی ایکس نے سعودی فرم اسکوپا ڈیفنس کے ساتھ گذشتہ سال مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے تھے جس کے تحت سعودی عرب کو فضائی حملوں سے بچانے کے فضائی دفاعی نظام کے لیے ایک فیکٹری قائم کی جانی تھی۔ اسکوپا کے سابق سی ای او نصر الغریری نے بتایا کہ مجوزہ ڈیل میں سعودی عرب میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی توقع تھی اور اس سے 17 ارب ڈالر کی فروخت ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق اسکوپا نے دو ذیلی کمپنیاں تال ملٹری انڈسٹریز اور سیفا ملٹری انڈسٹریز قائم کیں۔ ایک کا سربراہ چینی اور دوسرے کا سربراہ روسی شہری کو بنایا گیا تاکہ دونوں ممالک سے دفاعی معاملات پر بات کی جاسکے۔ رپورٹ کے مطابق روسی اور چینی اداروں کے ساتھ کاروبار کی وجہ سے امریکی کمپنی نے معاہدہ منسوخ کردیا۔


































