
بیجنگ : شام کے صدر بشار السد نے کہا ہے کہ ایک طاقت پرست دنیا سے اخلاقیات کی حکمرانی والی نئی دنیا کی جانب سفر کا آغاز چین سے ہونا چاہئے کہ جس نے اخلاقیات کو اپنی پالیسیوں میں سب سے آگے رکھا ہے۔ چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کےسربراہ "چاو لیجی” کےساتھ ملاقات میں بشارالاسد نے کہاکہ چینی صدر شی جن پنگ کے تجویز کردہ اقدامات امید افزا ہیں اور گویا ایک نئی دنیا کی طرف امید کے دریچے کھلے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ان کا ملک حال اور مستقبل میں چین کے کردار کا منتظر ہے جو دوسروں کا استحصال کرنے کے بجائے مختلف اقوام کے لیے مشترکہ مفادات کی بنیاد پر کام کرتا ہے۔ ایران اور سعودی عرب کے درمیان معاہدے کے قیام میں کامیابی پر چین کو مبارکباد دیتے ہوئے اسد نے اس کامیابی کو موجودہ دور میں چین کی عالمی طاقت اور سیاسی، اخلاقی اور تہذیبی قوت کا مظہر قرار دیا۔


































