
اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے یقین دلایا ہے کہ ان کی حکومت بجلی صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے حقائق پر مبنی غیر روایتی حل تلاش کرنے کیلئے کوشاں ہے‘عام انتخابات کا انعقاد آئین کے مطابق جلد از جلد کرانے کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے۔ سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ سے 25 ، 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری دو سے پانچ سال میں پاکستان آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی بلوں پر مالیاتی اداروں کے ساتھ کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ عوام کو مطمئن کرنے کیلئے حقائق پر مبنی فیصلہ کرے گی، گردشی قرضہ، بجلی چوری اور لائن لاسز بڑے چیلنجز ہیں، حکومت احتجاج کرنے والے لوگوں کے جذبات مجروح کئے بغیر اس مسئلہ کا کم مدتی حل تلاش کرے گی۔ آئین کے مطابق مردم شماری کے بعد حلقہ بندیاں ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو یا اس سے زیادہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی فوری نجکاری کی جائے گی، بجلی اور ٹیکس کے شعبوں میں اصلاحات کی ضرورت ہے، حکومت وسط مدتی اصلاحات کی بنیاد فراہم کرے گی۔


































