
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا کی مجرمانہ سازشوں کو بے اثر کرنا ایرانوفوبیا اور شیعہ فوبیا کا باعث بنا۔ بعض ملکوں میں شیعہ سنی، عرب عجم، شیعہ شیعہ اور سنی سنی جنگ کرانے کی سازشوں کا مشاہدہ کیا جارہا ہے جو بڑے شیطان امریکا کی سازش ہے اور اس کے مقابلے میں ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ دنیا کے مختلف ملکوں کے مہمانوں اور مندوبین سے خطاب میں ولی امر مسلمین نے کہا کہ ایران اہلبیت علیھم السلام کی تعلیمات کی روشنی میں سات سر والے سامراجی اژدھے کو پیچھے دھکیل کر آج ترقی کے راستہ پر گامزن ہے۔ ایران نے دنیا کے مختلف ملکوں میں امریکا کی مجرمانہ سازشوں کو ناکام بنا دیا اور داعش کا خاتمہ اسکی ایک مثال ہے۔اسی وجہ سے سامراجی ملکوں کی جانب سے ایران فوبیا اور شیعہ فوبیا پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے اور دیگر ملکوں میں مداخلت کے من گھڑت الزامات عائد کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیعہ مسلمان استکباری طاقتوں کے خلاف کھڑے ہونے میں بہت فخر محسوس کرتے ہیں جو دوسرے ممالک، حکومتوں اور اقوام کے معاملات میں ظالمانہ اورجابرانہ انداز میں مداخلت کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عدل اور روحانیت کا پرچم بلند کررہا ہے۔ استکباری طاقتوں کا ایران کی مخالفت کرنا فطری بات ہے جو اس طرح کا پرچم بلند کررہا ہے۔ لہذا، استکباری ممالک کی مخالفت اور اسلامی جمہوریہ کے ساتھ محاذ آرائی ایک فطری مسئلہ ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای نے ایران کی طرف سے دیگر اقوام کو غنڈہ گردی کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی ترغیب کو استکباری طاقتوں کے غضب اور اسلامی جمہوریہ کے خلاف دشمنی کی بنیادی وجہ قرار دیا۔ استکباری طاقتوں کی پالیسیوں کے خلاف سب اٹھ کھڑے ہوں، چوکسی اختیار کریں اور ان کے ساتھ تعلق نہ رکھیں۔


































