
برسلز : یورپی یونین نے یوکرین کی جنگ میں 19 ارب یوروجھونک دئے یورپی کمیشن کی سربراہ ارسلا فان ڈر لائن نے یورپی سفیروں کی کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ یورپی یونین کی حیثیت سے جہاں تک ممکن اور ضرورت ہو، تمام وسائل سے یوکرین کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ابتدائی پابندیاں چند دن کے اندر روس پر عائد کردی تھیں۔ اورسولا فان ڈرلائن نے کہا کہ اس کے بعد مزید آٹھ پابندیوں کا پیکج تیار کرکے لاگو کردیا گیا اور تازہ ترین پابندیاں یوکرین کے علاقوں پر ان کے بقول روس کے قبضے اور ریفرنڈم کے بعد عائد کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب سے جنگ شروع ہوئی ہے تب سے کیف کو 19 ارب یورو پر مشتمل امداد فراہم کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مالی امداد ان کے بقول امن پسندانہ مقاصد کے تحت دی گئی ہے۔ یورپی کمیشن کی سربراہ نے یورپ کی جانب سے یوکرین کو فوجی اور اسلحہ جاتی امداد فراہم کرنے کا بھی ذکر کیا ہے۔


































