
اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس میں ہیومن ملک بینک کا معاملہ طویل بحث کے بعد مؤخر کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل انسانی دودھ بینک کے قیام پر آئندہ اجلاس میں فیصلہ کرے گی۔ ڈاکٹرز کی جانب سے ہیومن ملک بینک پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ ارکان کے کئی سوالات کے جواب دیئے گئے، بحث اور سوالات و جوابات کے بعد فقہی طور پر ہیومن ملک بینک کے معاملے پر مزید غور کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیومن ملک بینک کے قیام و ضرورت سے متعلق 2 اسلامی ممالک کی مثالیں بھی پیش کی گئیں، ایران اور ملائیشیا میں ہیومن ملک بینک فعال ہیں۔ کونسل میں مثالیں پیش کی گئیں، کونسل میں فقہ جعفریہ کی جانب سے علامہ سید افتخار نقوی نے کچھ شرائط و دلائل کیساتھ جائز قرار دیا، دیگر مکاتب فکر کے علماء نے معاملے پر مہلت مانگ لی، جس پر معاملے کو اگلے اجلاس تک مؤخر کر دیا گیا۔


































