
نئی دہلی : ہندوستان میں الیکشن کمیشن نے وزیراعظم نریندر مودی کے مسلمانوں کیخلاف ریمارکس کا نوٹس لے لیا۔ الیکشن کمیشن کے پینل نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ہندوتوا بی جے پی کے صدر جے پی نڈا کے ساتھ ساتھ کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے کو بھی نوٹس جاری کردیا اور دونوں کو وضاحت کیلئے انتیس اپریل کو طلب کرلیا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ دونوں پارٹیوں کے لیڈروں کے بیانات انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی ہیں، جس کا ان کی پارٹیوں کو جواب دینا چاہئے۔ الیکشن کمیشن کے خط میں وزیراعظم کا نام نہیں ہے۔ نڈا کو لکھے گئے خط میں صرف کانگریس، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا، اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ ) کی جانب سے پی ایم مودی کی نفرت انگیز تقریر کیخلاف شکایات شامل ہیں.


































