
کراچی: پاکستان کے انسانی حقوق کمیشن (ایچ آر سی پی) اور دیگر سول سوسائٹی گروپس نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک کو متاثر کرنے والے موجودہ انسانی حقوق کے بحرانوں بشمول مظاہرین پر کریک ڈاؤن اور توہین رسالت ص اور سائبر کرائم قوانین کے غلط استعمال کا فوری حل نکالے۔ میڈیا ٹاک کے بعد جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق ایچ آر سی پی اور دیگر سول سوسائٹی اور حقوق گروپس نےکراچی پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی تاکہ ان مسائل پر توجہ مبذول کرائی جاسکے اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک بھر میں متعدد انسانی حقوق کے بحرانوں کو فوری طور پر حل کریں۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ریاستی آمریت میں اضافہ، طاقت کے ذریعے اختلاف رائے کو دبانا، پریس کی آزادی پر پابندیاں اور حکمرانی پر اسٹیبلشمنٹ کا تیزی سے بڑھتا ہوا اثر و رسوخ وسیع پیمانے پر عدم اطمینان کا باعث بنا ہے۔ اس میں مزید کہا گیا کہ صحافیوں اور حقوق کے کارکنوں کی قلیل مدتی جبری گمشدگی اب تشویش کا ایک اہم سبب ہے۔


































