
اسلام آباد: امریکا اور یورپی یونین نے پاکستان کو خبردار کیا ہےکہ پارلیمانی انتخابات میں مقررہ وقت سے زائد تاخیر سے ملک کیلیے سنگین نتائج برآمد ہونگے۔ جس میں ممکنہ طور پر تعلقات میں کمی بھی شامل ہے۔ پاکستانی انگریزی اخبار نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ امریکا اور یورپی یونین نے انتخابات کے حوالے سے پاکستان میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے۔ یہ ممالک ہمیشہ جمہوریت کی وکالت کرتے رہے ہیں اور سمجھتے ہیں انتخابات کا انعقاد کسی بھی ترقی پسند جمہوری معاشرے کا نچوڑ ہے۔ رپورٹ کے مطابق مغربی دارالحکومتوں میں خدشات موجود ہیں پاکستان میں انتخابات نہیں ہو سکتے اور موجودہ نگراں سیٹ اپ مقررہ مدت سے آگے جا سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مغربی ممالک نہ صرف وقت پر الیکشن چاہتے ہیں بلکہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کیلئے برابری کا میدان بھی چاہتے ہیں۔ گذشتہ ہفتے امریکی سفیر ڈونلڈ لو نے الیکشن کمشنر سے ملاقات بھی کی تھی۔


































