
نیویارک : ایران نے البانیہ کے دارالحکومت ترانا میں اپنے سفارتخانے پر پولیس کے حملے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفاتر میں ایرانی مشن نے البانیہ کے مشن کو ارسال کردہ اپنے خط میں سفارتخانے کے خلاف پرتشدد کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔ اس خط میں جس کی ایک نقل اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو بھی بھیجی گئی ہے۔ لکھا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ترانا میں اپنے سفارتی مقامات کے خلاف البانیہ پولیس کی پرتشدد کارروائی اور متعلقہ ایرانی حکام کی اجازت کے بغیر سفارتخانے میں پولیس کے داخلے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ایرانی مشن نے لکھا کہ ایران البانیہ حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ 1961 اور 1963ء کے ویانا کنونشن اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق سفارتی تعلقات سے متعلق تمام قوانین پر عملدرآمد کرے جن میں سفارتی مقامات کا غیر قابل تسخیر اور مستثنیٰ ہونا خصوصاً ان مقامات کی حفاظت اور امن و امان کی ذمہ داری شامل ہے۔ اس خط میں البانیہ حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کا مکمل جائزہ لینے کی خاطر وہ اس جرم کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف فی الفور قانونی کارروائی کا آغاز کرے۔


































