
کابل : طالبان نے افغانستان میں الیکشن کا مبہم اشارہ دے دیا، ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ آئینی مسودے پر کام جاری ہے۔ اس کے بعد دیکھیں گے کہ الیکشن کرانا ہیں یا نہیں، سہیل شاہین نے امریکا کو دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کا دور ختم ہوگیا، اب نیا دور شروع ہو رہا ہے جس میں امریکا کے ساتھ بہتر تعلقات کی شروعات چاہتے ہیں، یہ امریکا پر منحصر ہے کہ وہ ہمارے ساتھ کام کرکے افغانستان میں غربت کے خاتمے، تعلیم کے شعبے، اور افغانستان کے بنیادی ڈھانچے کو کھڑا کرنے میں مدد کرتا ہے یا نہیں، طالبان ترجمان نے کہا کہ شریعت کے تحت خواتین کو تمام حقوق دیں گے لیکن اعلیٰ عہدوں پر خواتین کی تعیناتی پرعلما سے مشاورت کے بعد ہی غور کیا جاسکتا ہے، ترجمان طالبان نے کہا کہ ہم کسی بھی گروہ کو افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے، انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ داعش کو کنڑ اور ننگرہار میں شکست دی تھی اور اب بھی داعش پر قابو پانے کی طاقت رکھتے ہیں۔


































